اردو ماسٹر

تکنیکی تعلیم کا مرکز

ورڈپریس 2.7 ایک شاہکار

یوں تو ورڈپریس روز اول سے ہی زبردست پذیرائی لیے آج تک موجود تھا لیکن اس درمیانے عرصے میں اگر ورڈپریس 2.7 کو اس مشہور بلاگنگ سافٹ وئیر کے شاندار دور کا نقطہءِ عروج کہا جائے تو بے جا نہ ہوگا۔ میری طرح سے دوسرے عام صارفین مشکل اصطلاحات والے، اندورنی قسم کے فیچرز کی بجائے سافٹ وئیرز کو رنگ ڈھنگ، استعمال میں آسانی جیسی ظاہری خوبیوں کے نقطہ نگاہ سے جانچتے ہیں اور اس نئے جاری کردہ نسخے کی سب سے بڑی خوبی انہی چیزوں کی بہترین پیشکش ہے۔
ورڈپریس 2.7 کا اجراء دسمبر کی 12 تاریخ کو ہوا، گو پہلے ورڈپریس ٹیم کا ارادہ نومبر میں جاری کرنے کا تھا۔ ورڈپریس کے یہ نیا نسخہ 150 ماہرین کی شبانہ روز محنت کا ثمر ہے۔ اس نئے نسخے کو امریکی موسیقار John Coltrane کے نام سے موسوم کیا گیا ہے۔
بات خوبیوں کی ہے تو جیسے میں نے ذکر کیا کہ ظاہر وضع قطع میں زیادہ اور خوشگوار تبدیلیاں کی گئی ہیں۔ یاد رہے کہ یہ تبدیلیاں آپکے قارئین کو نہیں بلکہ صرف آپکو یعنی صرف ڈیش بورڈ میں نظر آئینگی۔ قارئین کیلیے ایک فیچر کمنٹس تھریڈنگ کا ہے جس کا ہم آگے چل کر ذکر کرینگے۔
فیچرز کا ذکر شروع کرتے ہیں ورڈپریس کے نئے سادہ مگر انتہائی خوبصورت مواجے(Interface) سے۔ اگر مجھے پتہ ہوتا کہ کچھ ہی دن بعد ورڈپریس والے خود مواجے کو اس درجے کا خوبصورت بنا دینگے تو میں کبھی ایسی تحریر نہ لکھتا۔ :nahi: ۔
screen_options
نئے مواجے میں جاوا سکرپٹ کی مشہور لائبریریز جے کیوری(jQuery) اور پروٹوٹائپ(Prototype) کو استعمال میں لاتے ہوئے نہ صرف خوبصورت بلکہ استعمال میں انتہائی سہل ڈیش بورڈ کی تشکیل کی گئی ہے۔ ڈیش بورڈ کے وہ غیر ضروری عناصر جن سے آپ تنگ ہو یا وقتی طور پر انہیں یہاں موجود نہ دیکھنا چاہتے ہو، کو آپ باآسانی اوپر دائیں طرف موجود سکرین آپشنز کے ذریعے غائب(اور دوبارہ حاضر) کر سکتے ہیں(دیکھیے نمبر1)۔ ہیڈر میں ہمہ وقت ایک ڈراپ ڈاؤن مینو موجود رہتا ہے جس سے با آسانی آپ اپنے ڈیش بورڈ کے زیادہ استعمال ہونے والے حصوں یعنی نئی تحریر، نیا صفحہ، ڈرافٹس، اپلوڈز اور تبصروں کے صفحات تک ایک کلک سے رسائی حاصل کر سکتے ہیں(دیکھیے نمبر 2)۔ ایک کلک کی بات چل نکلی تو میں بتاتا چلوں کہ ڈیش بورڈ کا پرانا عمودی بار جسمیں صرف ایک صفحے تک جانے کے لیے آپکو کئی کلک کرنے پڑتے تھے، آپ ہر صفحے تک ایک کلک کے ذریعے رسائی کے ساتھ عمودی حالت میں بائیں جانب کر دیا گیا ہے۔ بائیں جانب آنے سے صفحے کے درمیانی عناصر کا دم اگر آپ کو گھٹتا نظر آئے تو سائیڈ بار میں موجود دو سلائیڈرز کے ذریعے اسے چھوٹا کر کے مزید جگہ بنائی جا سکتی ہے۔ اگر آپ صفحہ پر موجود عناصر (ٹیکسٹ ایڈیٹر کو چھوڑ کے) غائب کرنے کی بجائے صرف minimize کرنا چاہتے ہیں تو یہ مزے بھی آپکو ورڈپرس کے نئے نسخے میں ملیں گے۔ ڈیش بورڈ کی صفحه اول پر بلاگ کے اعداد و شمار کو زیادہ بہتر طریقے سے پیش کیا گیا(دیکھیے نمبر3)۔ Quick Press جو پہلے ایک ویجیٹ کی صورت میں آتا تھا، اب ڈیش بورڈ کا باقاعده حصه ہے(دیکھیے نمبر4)۔ اس کے ذریعے آپ تحریر لکھنے والے صفحہ پر گئے بغیر سرعت سے تحریر لکھ اور شائع کر سکتے ہیں۔
مواجے کے بعد آتے ہیں کچھ اور اندرونی فیچرز کیطرف۔ ورڈپریس استعمال کنندگان کیلیے ایک بڑی جھنجھٹ ہر تھوڑے عرصے بعد نئے نسخے یا بگ فکس کی ریلیز کے ساتھ اپنے ہاں نصب شدہ نسخے کو اپ ڈیٹ کرنا تھا۔ گو ورڈپریس آٹو میٹک اپگریڈ پلگ ان کے ذریعے یہ کام ایف ٹی پی کی جھنجھٹ کے بغیر بھی کیا جا سکتا تھا لیکن مذکورہ پلگ ان کے آفیشل نہ ہونے کیوجہ سے ہر نئے نسخے کیساتھ اسکے پنگے چلتے رہتے تھے۔ ورڈپریس کے اس نئے نسخے میں اپگریڈ کی جھنجھٹ کا بھی بغیر ایف ٹی وغیرہ کے علاج کیا گیا ہے۔ اب ہر نئے نسخے کی ریلیز کے ساتھ آپکو اپنے ڈیش بورڈ میں اس کی دستیابی کی اطلاع ملے گی اور اگر آپکو اعتراض نہ ہو تو ایک کلک سے اسے اپگریڈ کر سکتے ہیں۔
پلگ انز کی تنصیب مزید آسان کر دی گئی ہے، آپ ڈیش بورڈ کے اندر رہتے ہوئے نئے پلگ ان تلاش اور نصب کر سکتے ہیں۔ اب اس کام کیلیے بھی آپکو ایف ٹی پی اور نہ ہی اضافی پلگ انز کی ضرورت ہے۔ ہاں اگر کوئی پلگ ان ورڈپریس پلگ ان ڈائریکٹری میں نہیں موجود تو اسے آپ اپنے پاس ڈاؤنلوڈ کرکے بغیر ایف ٹی پی کے صرف براؤز اور منتخب کرے نصب کر سکتے ہیں۔
کمنٹس تھریڈنگ کا ایک عکس
اس نئے ورڈپریس کی آخری خوبی جس کا میں ذکر کرنا چاہوں گا، کمنٹس تھریڈنگ ہے(دیکھیے نمبر5)۔ کمنٹس تھریڈنگ کے ذریعے آپکے بلاگ پر ہونے والے تبصروں کو مزید دلچسپ بنایا گیا ہے۔ یاد کریں کہ اگر آپکو کسی مخصوص تبصرہ ناگار کو جواب دینا ہوتا تو باقاعدہ مخاطب کا نام لیکر اسے جواب دینا ہوتا تھا۔ کمنٹس تھریڈنگ تبصروں کے نظام کو کسی فورم کے تبصرے کیطرح دھاگے(thread) کی شکل دیتا ہے۔ واضح رہے کہ کمنٹس تھریڈ ورڈپریس صارفین پہلے بھی ایک پلگ ان کے ذریعے استعمال میں لا سکتے تھے۔
یہ تھا ورڈپریس 2.7 کا ایک تعارف۔ ہمیں بتائیے کہ آپ نے نئے نسخے کو کیسے پایا؟ اور ہاں اگر آپ نے ابھی تک پرانا نسخہ اپگریڈ نہیں گیا تو فوراً سے پیشتر کر لیں۔ :wel:

ٹیگ:

12 تبصرے

  1. اگر تم اور عمار ترجمے کے کام میں مدد کرو تو اردو پریس کو نئے ورژن پر جلد اپڈیٹ کیا جا سکتا ہے۔

  2. بہت خوب تجزیہ کیا ہے۔ واقعی ورڈ پریس اب بہت زیادہ آسان ہو گیا ہے البتہ تھوڑا سا “بھاری” ضرور ہے پرانے کمپیوٹر یا سست رفتار انٹرنیٹ کے حامل افراد مشکلات کا شکار ہو سکتے ہیں۔ لیکن یہ ان کا درد سر ہے۔
    جس دن اس جدید نسخے کی دستیابی کی خبر مجھے میرے بلاگ کے ایڈمن صفحے پر ملی اس سے ایک روز قبل میں ایک صاحب کا بلاگ ورڈ پریس پر سیٹ اپ کر رہا تھا۔ جیسے ہی ان کا اکاؤنٹ بنا، ورڈ پریس کے ایڈمن صفحے کو دیکھ کر میں تو احساس کمتری میں مبتلا ہو گیا کہ جناب ایسا شاندار اور آسان استعمال والا ایڈمن پینل ہمیں کیوں نہ ملا؟ خیر اسی احساس کے ساتھ اگلے روز جب بلاگ پر آیا تو ورڈ پریس 2.7 پر اپ گریڈ کرنے کا حکم نامہ جگمگا رہا تھا۔ اپ گریڈ کے تمام مراحل سے گزرے تو گزشتہ روز کا احساس کمتری ختم ہوگیا اور اس وقت سے اس کے مزے لوٹ رہے ہیں۔ مجھے کوئیک پریس اور مختلف صفحوں تک رسائی کے لیے سائیڈ بار میں سلائیڈرز کا فنکشن مجھے بہت پسند آیا اس سے طویل جھنجٹ سے جان چھوٹ گئی۔
    آخر میں اتنی مفید پوسٹ کا بہت شکریہ ساجد بھائی !

  3. بھائی زبردست

    میں یہ جاننا چاہوں گا کہ یہ کمنٹ تھریڈنگ کا آپشن کہاں پر ہے ؟ میں تو اس کو بذریعہ پلگ ان استعمال کر رہا ہوں :(

  4. عبدالقدوس:‌ویسے تو کمنٹ تھریڈنگ کا آپشن ڈیش بورڈ‌میں‌سیٹنگز – ڈسکشن سیٹنگز میں ہوتا ہے لیکن صرف وہاں‌سے فعال کرنے سے بات نہیں‌بنے گی۔ آپکو اپنی تھیم کی comments.php فائل میں‌بھی تبدیلیاں‌کرنی ہونگی۔

  5. اس میں ایکسپورٹ کا آپشن کہاں ہے جس سے بیک اپ لیا جاسکے ۔
    پہلے ورژن میں ایمپورٹ ایکسپورٹ کے آپشن سے بیک اپ لیا اور اپلوڈ کیا جاتا تھا لیکن مجھے اس میں یہ آپشن نہیں ملا۔

  6. شکاری! بائیں جانب جو سائیڈ بار موجود ہے اس میں Tools کے ذیل میں آپ کو Export اور Import دونوں کے روابط (links) دکھائی دیں گے۔

  7. یہاں میں اردو سیارہ سے کسی نئی پوسٹ کے ربط سے آیا تھا، یہ شاید واقعی کوہ قاف چلی جاتی ہیں۔
    :)

  8. السلام علیکم
    ساجد، comments.php والا لنک کام نہیں کر رہا۔

  9. فرحت کیا آپکی مراد اردو ماسٹر سے ہے؟ میں تو پوسٹ‌کررہا ہوں، سب ٹھیک ہے۔

  10. عبدالقدوس کو کمنٹ تھریڈنگ کے بارے میں جواب دیتے ہوئے آپ نے comments.php میں تبدیلی کا لنک دیا ہے ناں؟ :ops: اس کے متعلق بات کی تھی۔

آپ بھی اپنا تبصرہ کیجیے۔